عمومآ کہا جاتا ہے کہ شادی ارمان پورے کرنے کا نام ہے اور پھر اگر کسی کے پاس پیسہ بھی بے بہا ہو اور سنبھالے نہ سنبھلتا ہو تو پھر شادی تو یاد گار ہو ہی جائے گی ایسا ہی روسی دارالحکومت ماسکو میں 28 سالہ سید گیوٹسریوف اور بیس سالہ خدیجہ ازہاکوسوف کی گزشتہ ہفتے شادی ہوئی تو اس موقع پر انتہائی پرتعیش تقریب کا انعقاد کیا گیا جس پر ایک ارب ڈالرز (ایک کھرب پاکستانی روپوں سے زائد) خرچ کردیئے گئے۔
جی ہاں ایک ارب ڈالرز اور اس تقریب میں دنیا بھر سے مقبول ترین گلوکاروں اور فنکاروں جیسے جنیفر لوپز، اسٹنگ، Enrique Iglesias وغیرہ نے پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔
اور ہاں پوری تقریب کا خرچہ دلہا کے والد قازقستان میں پیدا ہونے والے میخائیل گیوٹسریو نے اٹھایا۔
تیل کا کاروبار کرنے والے میخائیل کی ذاتی دولت کا تخمینہ فوربس نے 6.2 ارب ڈالرز لگایا ہے۔
روسی میڈیا کے مطابق ایک عام گھرانے سے تعلق رکھنے والی دلہن کا انتخاب طویل تلاش کے بعد کیا گیا کیونکہ دلہا کے والد ایسی بہو چاہتے تو جو خوبصورت، کنواری، شرمیلی اور ایسی ہو جسے عوامی سطح پر جانا نہ جاتا ہو۔
یہ دلہن ماسکو یونیورسٹی میں پڑھ رہی ہے جبکہ دلہا نے آکسفورڈ یونیورسٹی سے ڈگری لے رکھی ہے اور اس وقت اپنے والد کے کاروبار میں ڈائریکٹر کا کام کررہا ہے۔
دلہن خدیجہ کا عروسی لباس پیرس سے منگوایا گیا تھا جس کی مالیت لگ بھگ دس لاکھ ڈالرز تھی۔
یہ عروسی لباس اتنا لمبا تھا کہ اسے سنبھالنے کے لیے لوگوں کی ضرورت پڑی جبکہ میچنگ ہینڈ بیگ، 50 لاکھ یورو کے ہیروں کے تاج اور ہیروں کے ہار کے ساتھ لباس کی چمک دمک نے لوگوں کی آنکھیں چندھیا دیں۔
شادی پر آنے والے مہمانوں کو سونے سے بنے ڈبے دیئے گئے جس پر جوڑے کے نام اور شادی کی تاریخ درج تھی۔