فیس بک اور انسٹا گرام پر پابندی
سماجی روابط کی ویب سائٹس فیس بک اور انسٹاگرام نے اپنے صارفین پر غیر لائسنس یافتہ ہتھیاروں کی آن لائن فروخت پر پابندی لگادی ہے۔ ایک امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق ریاست ہائے متحدہ امریکہ میں بڑے پیمانے پر فائرنگ کے حالیہ واقعات کے بعد ہتھیاروں تک رسائی کے معاملے پر بحث کے بعد یہ اقدام اٹھایا گیا۔ واضح رہے کہ 2014 میں بھی فیس بک نے دواسازی اور غیر قانونی منشیات کی آن لائن فروخت پر پابندی عائد کردی تھی۔ اور اب فیس بک نے غیر لائسنس یافتہ ہتھیار بیچنے کے اشتہارات پر پابندی عائد کردی ہے،لیکن ریاست کی اجازت سے لائسنس یافتہ ڈیلر ہی اپنے اشتہارات لگوا سکتے ہیں۔ فیس بک کی ہیڈ آف پروڈکٹ پالیسی مونیکا کے مطابق گزشتہ دو سال سے زیادہ سے زیادہ صارفین فیس بک کو خرید و فروخت کا ذریعہ بنا رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا ہم مزید ترقی کرنے اور لوگوں کے لیے نئی مصنوعات کا آغاز کرنے کے لیے کچھ نئی پالیسیوں کا آغاز کرنے جارہے ہیں جس سے صارفین مزید بہتر طریقے سے مستفید ہوسکیں۔ فیس بک اور انسٹاگرام سب سے مقبول سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ مانی جاتی ہیں جسے دنیا بھر میں کم از کم 1.59 بلین افراد جبکہ امریکا اور کینیڈا میں تقریبا 219 ملین افراد استعمال کرتے ہیں۔