پاکستانی اداکار فواد خان ٹائمز گروپ کے ایک سروے میں 2014 میں ہندوستان میں سب سے زیادہ پسندیدہ کی جانے والی شخصیات میں تیسرے نمبر پر آئے ہیں۔
اس سروے میں 20 لاکھ سے زائد افراد نے اپنی رائے کا اظہار کیا جس کے مطابق کرکٹر ورات کوہلی ہندوستان میں سب سے زیادہ پسندیدہ شخصیت ہیں جب کہ دوسرے نمبر پر بولی وڈ کے اداکار ریتھک روشن اور تیسرے نمبر پر پاکستان کے فواد خان ہیں۔
سروے کے مطابق فواد خان ہندوستان میں اداکار رنبیر کپور اور رنویر سنگھ سے بھی زیادہ پسند کی جانے والی شخصیت ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فواد خان کے مداحوں نے ان کے تیسرے نمبر پر آنے کے بعد اپنی خوشی کا اظہار کیا۔
پاکستانی ڈرامہ سیریل ‘ہمسفر’ سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے فواد خان حال ہی میں بولی وڈ کی فلم ‘خوبصورت’ کے لیے فلم فئیر ایوارڈ جیت چکے ہیں۔
فواد خان نے فلم خوبصورت کے بعد بولی وڈ میں کرن جوہر کی فلم ‘کپور اینڈ سنز’ میں بھی سائن کر چکے ہیں اور اب وہ اپنی تیسری فلم ‘بیٹل آف بٹورا’ میں کام کر رہے ہیں۔
اس فلم میں فواد خان کے ساتھ ایک بار پھر سونم کپور کو کاسٹ کیا گیا ہے۔
سونم کپور کی بہن اور فلم کی پروڈیوسر ریہاکپور کا کہنا ہے کہ اس فلم کی شوٹنگ جون میں شروع کی جائے گی اور فواد خان اور سونم کپور اس فلم میں بالکل مختلف کردار میں نظر آئیں گے۔
فلم ‘بیٹل آف بٹورا’ کی کہانی دو ایسے گھرانوں پر مبنی ہیں جن کا تعلق سیاست سے ہے اور وہ ایک دوسرے کے خلاف الیکشن جیتنے کی جدوجہد میں لگے ہوئے ہیں۔