بھارت میں تحویل اراضی بل پرتنقید کا شکار نریندر مودی حکومت نے ایک سال مکمل ہونے پر کسانوں کی ترقی کے دعوے کے ساتھ” کسان چینل“ لانچ کیاہے۔ اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ گاؤں کی ترقی کے بغیر ملک کی ترقی نامکمل ہے۔ قومی دارالحکومت دہلی میں 24 گھنٹے چلنے والے کسان چینل کا افتتاح کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ اس چینل کو کسانوں کے مفادات کو ذہن میں رکھ کر شروع کیا گیا ہے تاکہ انہیں فائدہ ملے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ چینل کی افتتاح پر بہت سے لوگوں کو لگتا ہو گا کہ اتنے چینل تو ہیں ہی پھر اس چینل کا کیا فائدہ؟ لیکن حقیقت یہ ہے کہ اس چینل کا فائدہ ہے۔ آج ہمارے ملک میں کئی اسپورٹس چینل ہیں، جس کی وجہ سے نوجوانوں کی دلچسپی مختلف کھیلوں میں بڑھ رہی ہے۔ وہ کھیل کو کیریئر کے طور پر اپنانے لگے ہیں۔
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ اسپورٹس چینل ایک بڑی معیشت کو جنم دے چکا ہے۔ اسی طرح اگر ملک کو آگے لے جانا ہے تو گاؤں کو آگے لانا ہوگا اور اگر گاؤں کو آگے لے جانا ہے تو کسانوں کو آگے لانا ہوگا ۔ وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ کسان چینل سے لوگوں میں بیداری آئے گی۔ کسانوں کو کھیتی باڑی کے بارے میں صحیح معلومات ملیں گی تو وہ زیادہ اچھی پیداواردے سکیں گے۔