دبئی میں عرب ریڈنگ چیلنج مقابلے کا انعقاد ہوا جس میں 15 عرب ممالک کے اول جماعت سے بارہویں جماعت کے 35 لاکھ 90 ہزار 743 طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ حتمی مرحلے سمیت پورے مقابلے میں بچوں نے 10 کروڑ سے زائد کتابوں کا مطالعہ کیا۔ مقابلے میں اول پوزیشن حاصل کرنے والے الجزائر کے شہر قسنطینہ میں زیادی پرائمری اسکول کے پہلی جماعت کے 6 سالہ طالب علم محمد عبداللہ فرح نے پہلے اپنے ملک کے 6 لاکھ 10 ہزار طلبہ و طالبات پر برتری حاصل کرکے حتمی مقابلے تک رسائی حاصل کی۔
محمد عبداللہ فرح نے فائنل مقابلے میں 20 سے زائد مصنفین کے 50 عنوانات کو پڑھا اور ان کا خلاصہ بیان کرکے حاضرین محفل کو حیران کردیا اور مقابلے کے ججز کو پہلا انعام دینے پر مجبور کردیا۔ دبئی کے حکمران الشیخ محمد بن آل مکتوم نے الجزائر کے محمد عبداللہ فرح کو اول پوزیشن حاصل کرنے پر انعام دیا۔
عرب ریڈنگ چیلنج میں فلسطین کے ہائی اسکول طلائع الامل کو بہترین اسکول کے ایوارڈ سے نوازا گیا اس مقابلے کے حتمی مرحلے میں 5 اسکول شامل تھے۔