آپ مانیں یا نہ مانیں لیکن یہ حقیقت ہے کہ بھارت میں ایک عورت نے 15 پاؤنڈ یعنی 6.8 کلوگرام وزنی بچی کو جنم دیا ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ یہ بھارت میں پیدا ہونے والی اب تک کی سب سے وزنی بچی ہو سکتی ہے۔
بھارت میں عموماً نوزائیدہ بچوں کا وزن ڈھائی سے ساڑھے تین کلوگرام ہوتا ہے اور اس بچی کا وزن تقریباً چھ ماہ کے بچے کے برابر ہے۔
اس بچی کو جنوبی ریاست کرناٹک کے ایک ہسپتال میں 20 سالہ نندنی نے آپریشن سے جنم دیا۔
حسان ضلعے میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر ڈاکٹر وینکٹیش نے بی بی سی کے عمران قریشی کو بتایا کہ یہ بھارت کی سب سے وزنی بچی ہے لیکن وہ یقین سے یہ بات نہیں کہہ سکتے کہ اس کا شمار دنیا کے سب سے وزنی بچوں میں ہوگا یا نہیں۔
نندنی اور ان کی بچی کی دیکھ بھال کرنے والے ڈاکٹر کمار کا کہنا تھا کہ یہ بچی وزنی ہی نہیں بلکہ لمبی بھی ہے۔ بچی کی لمبائی 24.4 انچ ہے۔
ڈاکٹروں نے یہ پتہ لگانے کی کوشش کی کہ بچی کا وزن اتنا زیادہ کیوں ہے۔ اگر ماں کو ذیابیطس ہو تو بچے کا وزن زیادہ ہونے کا امکان ہوتا ہے لیکن جب ڈاکٹروں نے نندنی کا چیک اپ کیا تو انھیں اس طرح کی کوئی شکایت نہیں تھی۔
ڈاکٹر کمار کا کہنا تھا: ’ہم نے بلڈ ٹیسٹ کیے، الٹرا ساؤنڈ بھی کیا لیکن کسی بھی طرح کا کوئی مسئلہ سامنے نہیں آیا۔ باقی ٹیسٹوں کا نتیجہ اگلے 24 گھنٹوں میں سامنے آ جائے گا۔‘
اس سے پہلے بھارت کے سب سے وزنی بچے کا ریکارڈ ایک لڑکے نے نومبر 2015ء میں اترپردیش میں قائم کیا تھا۔ فردوس خاتون کے یہاں پیدا ہونے والے لڑکے کا وزن 6.7 کلوگرام تھا۔