ایسا نظر آتا ہے کہ ایپل کمپنی آئی فون سیون کو اپنے خفیہ ہتھیار کے طور پر سامنے لانا چاہتی ہے اور اس کے لیے اسمارٹ فون میں نمایاں تبدیلیاں آنے کا امکان ہے۔ اب تک تین تبدیلیوں کے بارے میں خبریں سامنے آچکی ہیں جو آئی فون سیون کا حصہ ہوسکتی ہیں۔
ان میں سے ایک نان میٹل کمپاﺅنڈ باڈی، کورڈ فری وائرلیس ائیرفونز اور ہوم بٹن کا ہٹ جانا جس کی جگہ فورس ٹچ کا فیچر لے گا۔
نئے ماڈل میں یہ تبدیلیاں آئی فون سیون کو دیگر آئی فون کے مقابلے میں مختلف بنا دیں گی اور لوگوں کو اپنے پرانے فونز کو نئے سے اپ گریڈ کرنے کے لیے مجبور کریں گی۔
ویسے تو ایپل کی جانب سے وائی فائی سے سو گنا تیز ٹیکنالوجی لائی فائی کو بھی آزمانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں تاہم یہ آئی فون سیون کا حصہ ہوتی ہے اس بارے میں کچھ کہنا مشکل ہے۔
تاہم اس کی باڈی میں آنے والی تین تبدیلیوں کا امکان بہت زیادہ ہے تاکہ وہ آئی فون سکس یا سکس ایس کے مقابلے میں واضح طور پر مختلف نظر آئے۔
منی آئی فون کی تصویر لیک
خیال رہے کہ ایپل کا 4 انچ کا آئی فون بھی مارچ میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے جو فیچرز کے لحاظ سے آئی فون سکس کے برابر تاہم قیمت کے لحاظ سے وہ کافی سستا ہوگا۔
اس منی آئی فون کا نام 5se رکھے جانے کا امکان ہے۔
اس فون کی ایک تصویر بھی لیک ہوکر سامنے آئی ہے جو ایک ویب سائٹ ون مور تھنگ نے جاری کی ہے۔
اس تصویر میں یہ منی آئی فون ایک آئی فون 5 کے برابر میں رکھا ہوا ہے۔
