یہ پل ایک ایسے ملک واقع ہے جہاں ابھی تک شہباز شریف نہیں گئے، کیا آپ نام بتاسکتے ہیں؟
وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے بارے میں یہ تاثر عام پایا جاتا ہے کہ وہ اپنے بیرون ممالک کے دوروں کے دوران وہاں کامیابی سے چلنے والے منصوبوں سے بہت جلد متاثر ہو جاتے ہیں اور ان سے مشابہت رکھتے منصوبے پاکستان بالخصوص لاہور کے باسیوں کےلئے تیار کرنے کا اعلان بھی کر دیتے ہیں جس کی واضح مثال میٹرو بس سروس اور اورنج لائن میٹرو ٹرین جیسے منصوبے ہیں۔شایدتاحال اس پل پر ابھی ان کی نظر نہیں پڑی، وگرنہ ممکن ہے کہ وہ اس سے ملتے جلتے منصوبے کا بھی خواب سجا لیں۔
دور حاضر میں شعبہ تعمیرات نے اس قدر ترقی اور جدت اختیار کر لی ہے کہ دنیا بھر میں بے شمار تعمیراتی منصوبے ایسے دیکھنے کو ملتے ہیں کہ انسانی عقل دنگ رہ جائے ۔ایسا ہی ایک منصوبہ جنوبی امریکہ کے ملک یوروگوئے (Uruguay)میں شرمندہ تعبیر ہو چکا ہے جسےیوروگوئے سے تعلق رکھنے والے مشہور آرکیٹکٹ رافیل وینولی نے ڈیزائن کیا ہے ۔اس پل کا نام لگونا گارزن بریج "Laguna Garzon Bridge”ہے ، جو اپنی نوعیت کا اچھوتا منصوبہ ہے۔ یہ پل ساحلی پٹی پر واقع دو شہروں”Rocha”اور "Maldonado” کو آپس میں جوڑنے کےلئے رابطہ پل کا کام کرتا ہے ۔
اس پل کی دلچسپ بات یہ ہے کہ اسے سیدھی سڑک کی صورت میں تعمیر نہیں کیا گیا بلکہ اس کا ڈیزائن ایسا ہے کہ فضاءسے اس پل کو دیکھا جائے تو یہ بعین گول دکھائی دیتا ہے ۔ آپ سوچ رہے ہوں گے کہ آخر اس پل کو گول شکل میں تعمیر کرنے کے پیچھے کیا منطق پوشیدہ ہے۔ Rochaاور Maldonadoکے درمیان دلفریب مناظرسے بھرپورجزیر ہ نما سمندری پٹی جسے پرندوں اور دیگر جنگلی حیات کی جنت بھی کہا جاتا ہے، دونوں شہروں کے درمیان رابطہ پل تعمیر کرنا مقصود تھا اور ایسا ڈیزائن مطلوب تھا کہ اس پر سے گزرنے والی گاڑیوں کی وجہ سے قدرتی ماحول میں خلل بھی پیدا نہ ہو اور گاڑیوں کی رفتار کو اعتدال میں رکھنے کے ساتھ ساتھ سفر کرنے والے لوگوں کو دلکش مناظر سے محظوظ ہونے کا موقع فراہم کرتے ہوئے سفر کو بھی محفوظ بنایا جاسکے ۔ رافیل کا مرتب کردہ ڈیزائن ان سب ضرورتوں کو بہت ہی اچھوتے انداز میں بخوبی پورا کرتا ہے۔
گول پل کے دونوں اطراف سے آنے والی گاڑیوں کو پل پر آنے کے بعد آدھے دائرے کی شکل میں الگ الگ مخالف سمتوں میں موڑ دیا جاتا ہے۔ پل کے گول ہونے کی وجہ سے پل سے گزرنے والے لوگوں کو گاڑی کی رفتارہر صورت کم کرنا ہی پڑتی ہے جس کی وجہ سےیہ حادثات کے خدشات میں نمایاں کمی کا باعث بھی بنتاہے۔ دوسری جانب یہ پل پیدل چلنے والے لوگوں سمیت کار سواروں کوارد گرد کے دلفریب قدرتی مناظرکو ہر لحظہ بدلتے ہوئے زاویوں سے دیکھنے اور ان سے لطف اٹھانے کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔
واضح رہے کہ رافیل اس سے قبل اس سے قبل یوروگوئے کراسکو ائیرپورٹ (Uruguay’s Carrasco Airport)، نیویارک میں پارک ایوینیو 432جیسے منصوبوں سمیت متعدد پراجیکٹس ڈیزائن کر چکے ہیں۔

