ٹیلیگرام نے اپنی ویب سائٹ پر اعلان کیا ہے ”آج سے آپ اپنے میسج کا ٹیکسٹ send کرنے کے بعد بھی ایڈٹ کرسکتے ہیں۔ ایسا تمام ٹیلیگرام چیٹس کے لئے ممکن ہے، جن میں گروپ اور ون آن ون چیٹ بھی شامل ہے۔ بھیجے گئے میسج کو ایڈٹ کرنے کے لئے آپ اس میسج کو ٹیپ اینڈ ہولڈ کریں(یعنی کچھ دیر تک انگلی اس کے اوپر رکھیں) تو ایڈٹنگ کی آپشن آن ہوجائے گی۔ آپ اس میسج میں اپنی مرضی کے مطابق تبدیلیاں کرسکتے ہیں۔ ایڈٹ کئے گئے میسجز پر ایک چھوٹا سا لیبل ظاہر ہوجائے گا جس کے اوپر Edited لکھا ہوگا۔“ یاد رہے کہ واٹس ایپ کے تقریباً ایک ارب صارفین کو یہ سہولت دستیاب نہیں کہ وہ اپنا میسج بھیجنے کے بعد اس میں کوئی تبدیلی کر سکیں۔ دوسری طرف ٹیلیگرام نے شاندار سہولت بھی متعارف کروا دی ہے۔ اس ایپ کے صارفین کی تعداد تقریباً 10 کروڑ ہے اور اس میں ہر روز تقریباً ساڑھے تین لاکھ صارفین کا اضافہ ہورہا ہے۔ بھیجے گئے میسج کو ایڈٹ کرنے کا فیچر متعارف ہونے کے بعد اندازہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ اس کے صارفین کی تعداد میں بہت بڑے پیمانے پر اضافہ ہونے والا ہے۔