پاکستان میں اس وقت ٹوئٹر پر سب سے زیادہ ٹرینڈ کرنے والی پوسٹ ’رنڈی‘ ہے۔
یہ، RANDI کا مخفف ہے جو کہ پاکستان اور چین کا نیا تھنک ٹینک ہے۔
اسلام آباد میں واقع پاک چین انسٹی ٹیوٹ کے دفتر کی طرف سے جاری کیےگئے بیان میں بھی اس بات کی تصدیق کی گئی ہے۔ چین سے اس تھنک ٹینک کی سربراہی میڈم زاہو بیج کر رہی ہیں جبکہ پاکستان سے سینیٹر مشاہد حسین اس کی نگرانی کریں گے۔
سینیٹر مشاہد حسین کے سرکاری ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اس بارے میں ابھی تک کوئی تذکرہ نہیں ہے۔
رنڈی، ویسے تو یہ کسی لفظ کا ترجمہ نہیں بلکہ مخفف ہے۔ لیکن اسی مخفف کے اردو میں معنی کچھ اتنے عمدہ نہیں ہیں۔
اردو لغت کے مطابق رنڈی کے معنی ہیں: ’طوائف۔‘
سوشل میڈیا کے صارفین کہتے ہیں کہ چینیوں کو تو شاید اس ترجمے کا علم نہ ہو لیکن پاکستان کی طرف سے اس نام کی منظوری مضحکہ خیز ہے۔
پاک چین تھنک ٹینک کے اس نئے نام نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی شہید بھٹو گروپ کی فاطمہ بھٹو نے اس نام کو ’بد قسمتی‘ قرار دیا۔

جبکہ ایک صارف محمد عثمان نامی نے کہا: ’چین نے جہاں 46 ارب ڈالر کی انویسٹمنٹ کی ہے وہیں ہمیں رنڈی بھی دے کر گیا ہے، تھنک ٹینک کی صورت میں۔‘

دوسری طرف بھارتی ٹوئٹر صارفین میں#randi بہت ٹرینڈ کر رہا ہے۔
شیکھر گپتا لکھتے ہیں کہ ’پانچ لفظوں پر مشتمل اس آفت زدہ مخفف کے لیے پاکستان اور چینی حکام کو ساتھ بیٹھنا پڑا‘۔
ایسا پہلی بار نہیں ہوا۔ اس سے قبل پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف سٹرٹیجک سٹڈیز کا مخفف PISS بھی دلچسپ بحث و مباحثے کا نشانہ بنا تھا۔
آکسفرڈ انگلش لغت میں PISS کے معنی ’پیشاب کرنے‘ کے ہیں۔
اس لفظ نے بھی ٹوئٹر اور فیس بک پر بہت عرصہ نہ صرف ٹرینڈ کیا بلکہ اس حوالے سے صارفین نے اسے طنز و مزاح کے لیے استعمال کیا۔ جس کے بعد اس کا نام بدل کر ISSI رکھ دیا گیا۔