گوگل نے اعلان کیا ہے کہ یو ٹیوب پر کیلیفورنیا میں ہونے والے کوچیلا فیسٹیول کے چند کانسرٹس 360 ڈگری کی ویڈیو میں لائیو دکھائے جائیں گے۔
گوگل نے اعلان کیا ہے کہ لائیو سٹریمنگ کے علاوہ یہ ویڈیو جدید ’سپیشل آڈیو‘ کے ساتھ ہو گی جس سے ایسا محسوس ہو گا کہ آواز مختلف سمتوں سے آ رہی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ایک عمدہ تجربہ ہو گا۔
یہ اعلان ایسے وقت کیا گیا ہے جب لاس ویگس میں نیشنل ایسوسی ایشن آف براڈکاسٹرز کی کانفرنس ہو رہی ہے۔ اس کانفرنس میں کئی جدید ورچوئل آلات کی رونمائی کی جا رہی ہے۔
اس کانفرنس میں گو پرو، اڈوبی اور سکائی اٹالیا اپنی مصنوعات پیش کر رہے ہیں۔
یو ٹیوب نے ایک سال قبل 360 ڈگری کی انٹر ایکٹو ویڈیو چلانی شروع کی تھیں۔
اگر یہ ویڈیوز لیپ ٹیپ پر دیکھی جائیں تو صارف اپنی مرضی کا زاویہ منتخب کر سکتے ہیں۔ لیکن اگر یہ ویڈیوز سمارٹ فونز یا وی آر ہیڈ سیٹ پر دیکھی جائیں تو ان کا مزا دوبالا ہو جاتا ہے کیونکہ سمارٹ فونز کو ہلانے سے ویڈیو کا زاویہ تبدیل ہوتا ہے۔
یو ٹیوب کے کے ایگزیکٹو نیل موہگن نے بلاگ میں لکھا ’اس ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے موسیقار سے لے کر ایتھلیٹس اور مختلف کمپنیوں نے شاندار ویڈیوز ترتیب دی ہیں۔ اب 360 لائیو سٹریمنگ کے ساتھ یہ لوگ اپنے مداحوں تک بہت کچھ مزید لاسکتے ہیں۔‘
جس کے پاس 360 ڈگری والا کیمرہ ہے اور 10 سے 20 ایم بی پی ایس کی ویڈیو اپ لوڈ کرنے کی سہولت ہے وہ اپنی ویڈیو براڈ کاسٹ کر سکتے ہیں۔
یو ٹیوب کی اس جدید ٹیکنالوجی نے اس کو اپنے حریف فیس بک پر سبقت دلا دی ہے۔
فیس بک پر اس وقت یا تو 360 ڈگری والی ویڈیو اپ لوڈ کی جا سکتی ہے یا پھر لائیو سٹریمنگ، ایک ساتھ دونوں ممکن نہیں ہے۔