دنیا کے مشہور ترین سرچ انجن گوگل کے ایک انقلابی فیصلے کے بعد اب وہی ویب سائٹس سرچ میں سب سے اوپر آئیں گی جو ”موبائل فرینڈلی“ ہیں۔
جریدے ”ہفنگٹن پوسٹ“ کے مطابق گوگل منگل کے روز سے نئے فارمولے کا اطلاق کر دے گا جس کے مطابق موبائل فون پر سرچ کرنے والوں کو موبائل فرینڈلی ویب سائٹس (یعنی موبائل فون پر باآسانی کھلنے والی ویب سائٹس) سرفہرست نظر آئیں گی۔ وہ ویب سائٹس جو ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر اور لیپ ٹاپ صارفین کو مدنظر رکھ کر بنائی گئی ہیں وہ سرچ رزلٹ کی فہرست میں نیچے چلی جائیں گی۔ گوگل کی اس بڑی تبدیلی کا اطلاق صرف موبائل فون کے ذریعے سرچ کرنے پر ہو گا جبکہ ڈیسک ٹاپ اور لیپ ٹاپ کمپیوٹروں پر سرچ رزلٹ پہلے کی طرح ہی دکھائے جائیں گے۔
ٹیکنالوجی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس اہم فیصلے کی وجہ یہ ہے کہ اب صارفین کی بڑی تعداد اشیاءکے بارے میں معلومات لینے، خریداری سے پہلے قیمتوں اور دیگر عوامل کا تقابل کرنے وغیرہ کیلئے موبائل فون کا استعمال کرتی ہے اور اس تعداد میں ہر روز بھاری اضافہ ہو رہا ہے۔ اس اہم فیصلے کی وجہ سے موبائل فرینڈلی ویب سائٹوں کو بڑا سرپرائز ملے گا اور ان کے کاروبار کیلئے یہ تبدیلی بہت بڑی خوشخبری ثابت ہو گی۔