امریکی ریاست فلوریڈا کی رہنے والی خاتون نے اپنے اس پالتو مگر مچھ کو ’’ریمبو‘‘ کا نام دیا ہے جو کہ 6 فٹ لمبا ہے اور تیزی سے بڑھ رہا ہے لیکن امریکی قوانین کے مطابق مگر مچھ کی لمبائی اگر 6 فٹ سے بڑھ جائے تو اسے گھر میں نہیں رکھا جا سکتا حالانکہ جب خاتون نے اسے گود لیا تھا تو اسے 11 سال کا لائنسس دیا گیا تھا لیکن اب اسے اس مگر مچھ کو گھر میں رکھنے کے لیے قانونی جنگ لڑنا پڑ رہی ہے۔ خاتون کا کہنا ہے کہ یہ اب عام مگر مچھ کی طرح نہیں ہے بلکہ یہ مگر مچھ دھوپ میں زیادہ دیر نہیں رہ سکتا اور اس کا طرز عمل بھی جنگلی مگر مچھ سے مختلف ہے جب کہ اس کے لیے ایک کمرہ مخصوص ہے جہاں وہ بیڈ پر سوتا ہے۔
خاتون کا کہنا ہے کہ انہوں نے مگرمچھ کو سکھایا ہے کہ دوسرے کو کاٹنا نہیں اس لیے وہ اسے اپنے ساتھ کئی چیریٹی ایونٹس میں لے کر جاتی ہیں جب کہ دلچسپ بات یہ ہے کہ مگر مچھ بچوں سے بہت محبت کرتا ہے اور جب بچے اس کے قریب آتے ہیں تو وہ اپنا منہ زور سے بند کرلیتا ہے یہاں تک کہ اس میں انگلی بھی نہیں جا سکتی۔ خاتون کے مطابق انہوں نے مگر مچھ کو اس وقت گود لیا جب وہ 4 سال کا تھا اور اس وقت سے اسے کمرے کے اندر رکھا ہے اس لیے اب وہ سورج کی روشنی میں نہیں رہ سکتا۔
جنگلی حیات کے حکام کا کہنا ہے کہ خاتون کو اس مگر مچھ کو 2.5 ایکٹر کھلی جگہ پر رکھنا پڑے گا اگر وہ ایسا نہیں کریں گی تو انہیں مگر مچھ سے محروم ہونا پڑے گا۔