درگاہ حضرت سخی لعل شہباز قلندر پر ہونے والی دہشت گردی کے دوران نہتے زائرین کہ شہادت سے پورا ملک سوگوار ہے ہم اس سانحہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں امن و محبت کے مراکز اولیاء کرام کے مزارات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مزارات کی سیکورٹی کو فول پروف بنائے ان خیالات کا اظہار خطیب اعظم چنیوٹ ممتاز عالم دین قاری روشن ضمیر مدنی نے گزشتہ روز جامعہ مسجد نورانی محمدی میں ایک پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ ملک کی موجودہ کشیدہ صورتحال ، کوئٹہ سندھ سہیون شریف ،کراچی ، لاہور ، پشاور ، آوران ، مہمندایجنسی میں تسلسل کے ساتھ ہونے والے دہشت گردی کے واقعات پرگہری تشویش کا اظہار کرتے ہیں نیشنل ایکشن پلان اگرمصلحتوں کو شکار نہ ہوتا تو نتائج آج یقیناًمختلف ہوتے ۔ حضرت سخی شہباز لعل قلندر ؒ کامزار امن و محبت اورسلامتی کا عملی نمونہ ہے افسوس آج ان مراکز اوران سے عقیدت کا اظہار کرنے والوں کو چن چن کر نشانہ بنایا جارہاہے ۔ نفرت کے سوداگر بچوں ، عورتوں اور بوڑھوں کو خون میں نہلاکر امت مسلمہ کے چہرے کو داغدار کرنا چاہتے ہیں۔ ا نہوں سے مزید کہا کہ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر فوجی عدالتوں کے قیام میں توسیع کی جائے اورعام عدالتوں سے جن جن لوگوں کو سزائے موت کی سزا سنائی جاچکی ہے اس میں بلا تاخیر عملدرآمد یقینی بنایا جائے دہشت گردی اوراس کے ماسٹر مائنڈ زکی سرکوبی کے لیے نیشنل ایکشن پلان پر بلا خوف و خطر پوری تندہی سے عمل کیاجائے اور آپریشن کا دائرہ پورے ملک میں پھیلایاجائے انہوں نے آخر میں مزید کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی دین مذہب نہیں ہوتا یہ بے دین لوگ ہیں دہشت گردی کو روکنے کیلئے ہم سب کو یکجا ہونے کی اشد ضرورت ہے وقت کا تقاضا ہے کہ ہم سب اکٹھے ہو کر دہشت گردی کے واقعات کو شکست دیں پاکستان کو ا من کا گہوارہ بنانے کیلئے ہم سب کو کوششیں کرنا ہونگی
چنیوٹ ، ڈی پی او آفس سے چند گزر کے فاصلے اقبال ہوٹل کے قریب واقعہ رکشہ اور ویگنوں کا غیر قانونی سٹینڈ سیکورٹی رسک بن گیا شہری و سماجی حلقوں نے اس غیر قانونی ویگن سٹینڈ کو ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا تفصیلات کے مطابق ختم نبوت چوک اقبال ہوٹل کے قریب کئی سالوں سے ویگن اورر کشوں کا غیر قانونی سٹینڈ بنا ہوا ہے جس کے باعث آئے روز حادثات اور موٹر سائیکل چوری کی وارداتیں عام ہو رہی ہیں شہری و سماجی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر محمد ایوب خان ڈی پی او مستنصر فیروز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عرصہ دراز سے بنا ہوا غیر قانونی ویگن اور رکشہ سٹینڈ ختم کروائے ۔
بین المذاہب امن کمیٹی چنیوٹ سٹی کے چیئرمین مولوی مشتاق احمد نے اپنے ایک بیان میں ملک میں جاری حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد درندے ہیں جو کہ بے گناہ شہریوں کو قتل عام کر رہے ہیں ہم درگاہ حضرت سخی لعل شہباز قلندر پر ہونے والے خود کش حملے کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کا متحمل نہیں ہو سکتا مٹھی بھر دہشت گرد ملک میں افراتفری پھیلا رہے ہیں وقت کا تقاضا ہے کہ تمام مکاتب فکر کے علما کرام ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو کر دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائیں انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو امن کا گہوارہ بنائیں گے دہشت گردی کے خلاف سیکورٹی اداروں اور حکومتی کارکردگی قابل تحسین ہے ہم تما م شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں جو دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دوران شہید ہوئے ۔ ہم سانحہ لعل سخی شہباز قلندر کے دوران شہید ہونے والے اسی افراد کے اہل خانہ کے ساتھ ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں ۔
چنیوٹ پولیس اور حساس اداروں کا شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن جاری سات مشکوک افراد گرفتار کر لئے گئے تفصیلات کے مطابق چنیوٹ پولیس نے رات گئے تھے تحصیل بھوانہ چناب نگر اور محمد والا کے علاقوں میں سرچ آپریشن کی اس سرچ آپریشن میں پولیس ایلیٹ فور س کی بھاری نفری نے حصہ لیا دوران سرچ آپریشن سو سے زائد مشکوک افراد کی بائیو میٹرک ڈیوائس کے ذریعے چیکنگ کی گئی جبکہ پولیس نے سات مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا۔
پاکستان پیپلز پارٹی ضلع چنیوٹ کا اہم اجلاس ضلعی صدر سید علی رضا زیدی کی صدارت میں پیپلز پارٹی کے ضلعی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا ، اجلاس میں پارٹی عہدیداروں ملک اللہ دتہ،شیخ محمد عظیم، خلیل احمد قریشی، احسان علی حسرت، سجاد اقبال، ملک محمد قاسم، غلام علی، شیخ جاویدالحسن صدیقی، محمد فیصل راج، عباس علی چاندنی ، محمد حسنین سنی ، رضوان علی،حسن عباس، شہباز چغتائی اور شیخ محمد خالد ،صدر انجمن تاجران و دیگر کارکنوں نے سید حسن مرتضیٰ کو ڈویثرنل صدر اور سید علی رضا زیدی کو ڈسٹرکٹ چنیوٹ کا صدر بننے پر مبارکبادی اور قائد پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے انکی نامزدگی پر شکریہ ادا کیا اجلاس میں ایک متفقہ قرار داد پیش کی گئی جس میں ملک میں ہونے والی حالیہ دہشت گردی سہون شریف میں ہونے والے خود کش حملے کی سخت مذمت کی گئی اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ نیشنل ایکشن پلان پر پنجاب اور ملک بھر میں اس آپریشن کو مکمل کیا جائے . (سیف علی خان ، بیورو چیف ، چنیوٹ )