دنیا کی مشہور کار رولزرائس بنانے والی بی ایم ڈبلیو کمپنی کے صد سالہ جشن کے موقع پر مستقبل کی گاڑی کی جھلک پیش کی گئی جسے ‘ویژن 100’ کا نام دیا گیا ہے۔
لگ بھگ 20 فٹ لمبائی اور 5 فٹ چوڑائی کی حامل یہ گاڑی دیکھنے میں ہی مستقبل کے آٹو موبائل کا حصہ نظر آتی ہے اور موجودہ رولز رائس اس کے سامنے بیکار لگتی ہیں۔
اس گاڑی میں صوفہ بھی موجود ہوگا جبکہ اسٹیئرنگ وہیل یا انسٹرومنٹ پینل کی جگہ ٹرانسپیرنٹ او ایل ای ڈی ڈسپلے کو رکھا گیا ہے۔
اس کا اندرونی حصہ ایک خاص قسم کی لکڑی سے تیار کیا گیا ہے جس پر ہاتھوں سے ریشم کا قالین چڑھایا گیا ہے۔
اس کے فیچرز کی زیادہ تفصیلات میں جانے کی ضرورت اس لیے نہیں کیونکہ کمپنی نے اس گاڑی کی ایک یوٹیوب ویڈیو بھی جاری کی ہے جس میں آپ اس کے کمالات اور دیگر تفصیلات دیکھ سکتے ہیں۔
کمپنی کے خیال میں یہ گاڑی اگلے 20 سے 30 برسوں میں فروخت کے لیے پیش کی جاسکتی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے پہلے رواں سال کے شروع میں مرسڈیز نے بھی اسی طرح کی ایک کانسپیٹ گاڑی کو متعارف کرایا تھا جسے مستقبل کی سواری قرار دیا گیا تھا۔
‘ ایروڈائنامک آٹوموبائل’ نامی یہ گاڑی رواں سال کے آغاز میں لاس ویگاس میں منعقد ہونے والی سی ای ایس ٹیکنالوجی نمائش کے دوران متعارف کرائی گئی۔