پیپر کوجاپانی کمپنی سافٹ بینک روبوٹکس نے تیار کیا ہے جسے انسان نما (ہیومونوئیڈ) روبوٹ بنانے میں مہارت حاصل ہے۔ اسے ویسیڈا میں شوشی ہائی اسکول میں داخل کرایا گیا ہے جو جاپان کے شہر فوکوشیما کے قریب واقع ہے جب کہ اس سے قبل پیپر روبوٹ بینک، اور لوگوں کو خوش آمدید کہنے کے لیے استعمال کیا جاتا رہا ہے۔
اس روبوٹ میں کیمرے، سینسر اور دیگر آلات موجود ہیں اور اس کا قد 4 فٹ اور وزن 62 پونڈ ہے۔ روبوٹ کی دلچسپ بات یہ ہے کہ اگر انسان اسے لطیفہ سنائے تو وہ خوش ہوتا ہے اور محبت کی باتیں غور سے سنتا ہے۔ اس کے علاوہ وہ بہت تیزی سے کئی کام سیکھتا ہے۔ جب اسے اسکول میں داخلہ مل گیا تو اس نے اپنے مالکان سے کہا ’ میں اپنی بہتر کوشش کروں گا۔ اس سے قبل پیپر کو ایک فون اسٹور پر گاہکوں کے جواب دینے کے لیے رکھا گیا تھا اور اس اسٹور میں ایک بھی انسان کام نہیں کرتا۔
اس روبوٹ کی قیمت 1000 سے 1600 ڈالر کے درمیان ہے اور یہ جاپانی اور انگلش زبانیں بول سکتا ہے جب کہ 80 فیصد گفتگو سمجھ سکتا ہے۔ یہ روبوٹ اسکول کے طلبا و طالبات کو بہت تیزی سے اپنا دوست بنارہا ہے۔ پیپر ان طالب علموں کی بھی مدد کرتا ہے جو دوسروں تک اپنی بات مشکل سے ہی پہنچا پاتے ہیں اور وہ روبوٹک اور انگریزی سے بھی انہیں واقف کراتا ہے۔