امریکی جوڑا جس کے 12 بیٹے ہیں اور کوئی بیٹی نہیں کے ہاں 13ویں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔
میشیگن میں رہایش پذیر شوانٹ خاندان کے ہاں 13 ویں بیٹی کی پیدائش بدھ کے روز ہوئی ہے۔
جے اور کیٹری شوانٹ خاندانی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے پیدائش سے قبل بچے کے جنس معلوم نہیں کرتے۔
40 سالہ جے نے 13 ویں بیٹے کی پیدائش کے بعد کہا ’میں سوچ رہا تھا کہ اگر یہ بیٹی ہوئی تو معلوم نہیں میرا ردِعمل کیا ہوتا ہے۔‘
اس جوڑے کے بچوں کی عمریں دو دہائیوں پر پھیلی ہوئی ہیں۔ سب سے بڑا بیٹا 22 سالہ ٹائلر، 19 سالہ زیک، 18 سالہ ڈریو، 16 سالہ برینڈن، 13 سالہ ٹومی، 12 سالہ ونی، 10 سالہ کیلون، 8 سالہ گیبی، چھ سالہ ویزلی، پانچ سالہ چارلی، تین سالہ لیوک اور 21 ماہ کا ٹکر ہے۔
کیٹری کا کہنا تھا ’خاندان میں بہت ہلچل ہے لیکن بہت پیار بھی ہے۔‘
شوانٹ خاندان نئے بیٹے کے نام کے انتخاب کے بارے میں مشورے کر رہا ہے لیکن ابھی تک کسی نام پر متفق نہیں ہو پائے ہیں۔
کیٹری کا اپنا خاندان بھی 14 بچوں پر مشتمل تھا اور اس میں ان کا 13 واں نمبر تھا۔
شوانٹ خاندان سے کئی ٹی وی چینلز نے رجوع کیا ہے اور ان کو ریئلٹی شو کی آفر کی ہے۔
لیکن کیا وہ 14 ویں بیٹی کے لیے تیار ہیں؟ جے کا کہنا ہے ’کچھ بھی ہو سکتا ہے۔‘