وہ آدمی جو 800 بچوں کا باپ بن گیا، اب بھی ہر ہفتے ایک بچے کا اضافہ
قدرت نے انسان کو اولاد پیدا کرنے کی صلاحیت عطا کی تاکہ یہ اس کے لئے مسرت اور زندگی کا سہارا بنے لیکن برطانیہ میں ایک شخص نے بچے پیدا کرنا اپنا کاروبار بنالیا ہے اور تقریباً ہر ہفتے ایک بچے کا باپ بن رہا ہے۔
اخبار ’دی مرر‘ کے مطابق لیوٹن شہر سے تعلق رکھنے والا 41 سالہ سائمن واٹسن گزشتہ 16سال سے اپنے سپرم بیچ رہا ہے اور اس عرصے میں وہ تقریباً 800 بچوں کا باپ بن چکا ہے۔ سائمن فیس بک کے ذریعے سپرم فروخت کے لئے پیش کرتا ہے اور اس کے بدلے 50 پاؤنڈ (تقریباً 8ہزار پاکستانی روپے) وصول کرتا ہے۔ وہ اب تک اس کام سے ایک کروڑ روپے سے زائد رقم کما چکا ہے۔
سائمن کا کہنا ہے کہ جب اس کی پہلی شادی ختم ہوئی تو اسے محسوس ہوا کہ وہ مزید بچے پیدا کرنا چاہتا ہے تو اس نے سپرم عطیہ کرنے کا کام شروع کردیا۔ اس کے اپنے دو بیٹے ہیں جن کی عمر 19 اور 17 سال ہے جبکہ دوسری شادی سے ایک دس سالہ بیٹی بھی ہے۔
اب سائمن کی دوسری بیوی بھی اسے چھوڑ چکی ہے کیونکہ وہ اس کے کام سے نفرت کرنے لگی تھی۔ سائمن کا کہنا ہے کہ 800 بچے وہ ہیں کہ جن کے بارے میں اس کے پاس یقینی معلومات موجود ہیں، جبکہ متعدد ایسے بھی ہیں کہ جن کے بارے میں اس کے پاس کوئی اعدادوشمار یا حتمی معلومات موجود نہیں ہیں۔