جہاز سے لٹک کر انسان کا 6 ہزار میل کا سفر ،نتیجہ کیا نکلا؟یقین کرنا مشکل
پسماندہ ممالک کے عوام میں امریکا اور یورپ جانے کا جنون اس حد تک پایا جاتا ہے کہ اس کے لئے جان پر کھیل جانے سے بھی گریز نہیں کرتے۔ فرانس میں اس افسوسناک رجحان کی تازہ مثال سامنے آئی ہے جہاں برازیل سے پیرس پہنچنے والے طیارے کے مینٹیننس آپریشن کے دوران انکشاف ہوا کہ اس کے پہیوں کے ساتھ ایک شخص کی لاش لٹکی ہوئی تھی، جو کہ یورپ پہنچنے کی کوشش میں طیارے کے پہیوں میں گھسا تھا اور اس سنگین غلطی کی سزا اسے موت کی صورت میں ملی۔
اخبار ڈیلی میل کے مطابق ائیرفرانس کا بوئنگ 777 طیارہ برازیل کے شہر ساﺅ پالو سے روانہ ہونے کے بعد فرانس کے چارلس ڈیگال ائیرپورٹ پر اتراتھا، جہاں سے یہ دو دن بعد اورلی ائیرپورٹ پر پہنچا۔ اس ائیرپورٹ پر مینٹیننس آپریشن کے دوران طیارے کے لینڈنگ گیئر میں لاش موجود ہونے کا بھیانک انکشاف ہوا۔ تحقیق کاروں کا کہنا ہے کہ ساﺅ پالو سے پیرس تک تقریباً 6 ہزار میل کا فاصلہ طیارے نے تقریباً 11 گھنٹے میں طے کیا، اور اس دوران درجہ حرارت میں شدید کمی اور آکسیجن نہ ملنا اس شخص کی موت کی ممکنہ وجوہات ہوسکتی ہیں۔ نامعلوم شخص کی لاش کو معائنے کے لئے پیرس کے فورینزک انسٹی ٹیوٹ بھیج دیا گیا تاکہ اس کی شناخت اور موت کی تفصیلی وجوہات معلوم کی جا سکیں۔