گمشدہ ملائیشین طیارہ تلاش کرنے والوں کو وہ طیارہ تو نہ ملا لیکن ایک ایسی چیز مل گئی کہ دنیا دنگ رہ گئی
دو سال قبل لاپتہ ہونے والے ملائیشین طیارے کی سمندر میں تلاش کے دوران متعدد غیر متوقع اشیاءدریافت ہوچکی ہیں، لیکن بدقسمت طیارے کا تاحال کچھ پتہ نہیں چلا۔ اب ایک دفعہ پھر طیارے کا ملبہ تلاش کرنے والی ٹیموں کو ایک عجیب و غریب چیز سمندر کی گہرائیوں میں پڑی مل گئی ہے۔
اخبار ’دی گارڈین‘ کے مطابق طیارے کی تلاش سے متعلقہ ادارے جوائنٹ ایجنسی کوارڈی نیشن سینٹر کا کہنا ہے کہ سمندر میں تقریباً پونے 4 کلومیٹر کی گہرائی پر ایک قدیم بحری جہاز کا ڈھانچا دریافت ہوا ہے جو کہ غالباً سٹیل یا لوہے کا بنا ہوا ہے۔ سائنسدانوں کا خیال ہے کہ اس کا تعلق انیسویں صدی سے ہے۔ وسیع و عریض ڈھانچے کی دریافت نے بحری آثار قدیمہ کے ماہرین اور اداروں میں ہلچل مچا دی ہے اور ڈھانچے پر مزید تحقیقات اور اس کی اصل تاریخ جاننے کا کام شروع ہو چکا ہے۔
ملائیشین طیارے کی تلاش کے دوران اس سے پہلے مئی 2015ءاور دسمبر 2015ءمیں بھی سمندر میں غرق ہونے والے بحری جہازوں کے حصے دریافت ہوچکے ہیں، تا ہم تقریباً 80 ہزار مربع کلومیٹر کے سمندری علاقے میں تلاش کے باوجود تاحال پرواز MH370 کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔