اپنے ہی جسم کی چربی سے صابن بنا کر ’محبوب‘ کو بھیج دیا وجہ ایسی کہ سن کر آپ کا محبت سے اعتماد اٹھ جائے گا
ے وفائی کرنے والے سابقہ عاشق کے لئے اچھے جذبات تو کوئی بھی نہیں رکھتا لیکن ایک چینی لڑکی نے اپنے سابقہ محبوب کے خلاف کچھ زیادہ ہی غیر معمولی نفرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے اور اس کی والدہ کو اپنی چربی سے تیار کیا گیا صابن بھیجنے کا فیصلہ کرلیا۔
اخبار ’ڈیلی میل‘ کے مطابق حنان صوبے کے زینگ زو شہر سے تعلق رکھنے والی لڑکی نے چینی سوشل میڈیا ویب سائٹ وائبو پر اپنی چربی سے تیار کئے گئے صابن کی تصویر دکھائی ہے۔ مقامی اخبار پیپلزڈیلی آن لائن کے مطابق ’شیاﺅ شیاﺅ‘ کا نام استعمال کرنے والی لڑکی کو اس کے سابقہ محبوب نے گزشتہ سال موٹی ہونے کا طعنہ دیتے ہوئے چھوڑ دیا تھا۔ لڑکی کا کہنا ہے کہ اس نے سابقہ محبوب کی بے وفائی کا گہرا اثر لیا اور اپنے جسم سے آپریشن کے ذریعے چربی نکلوانے کا فیصلہ کیا۔ اس نے لائپو سکشن نامی آپریشن کے ذریعے جسم سے چربی نکلوائی اور پھر اس چربی سے صابن کی ایک ٹکیہ بھی تیار کروائی۔ لڑکی نے سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں 7 جنوری کو لکھا ”یاﺅنگ شیاﺅلی ، کیا تمہیں گزشتہ بہار کا میلہ یاد ہے؟ کیونکہ اس دفعہ میں تمہارے ساتھ گھر نہیں لوٹ سکتی اس لئے میں نے اپنی چربی سے صابن تیار کروایا ہے، تاکہ تمہاری والدہ کو بطور تحفہ دے سکوں اور وہ اس کے ساتھ غسل کرسکیں۔ بہار کا میلہ ایسے گھٹیا مردوں کو تحفہ دینے کا بہترین وقت ہے جو خواتین کی ظاہری شکل و صورت کی بناءپر ان کے بارے میں رائے قائم کرتے ہیں۔“
شیاﺅ شیاﺅ نے اس پوسٹ کے ساتھ اپنی چربی سے تیار کئے گئے صابن کی تصویر بھی بھیجی ہے۔ اس متنازعہ پوسٹ پر انٹرنیٹ صارفین ملے جلے ردعمل کا اظہار کررہے ہیں۔ جہاں ایک طرف اس لڑکی کو کچھ حمایت مل رہی ہے وہیں اس پر تنقید بھی کی جارہی ہے۔ ایک صاحب نے لکھا ”تمہارے سابقہ محبوب نے درست فیصلہ کیا، کیونکہ خوبصورتی اور بدصورتی کا تعلق صرف موٹاپے یا دبلے پن سے نہیں ہے بلکہ اس کا تعلق آپ کے دل سے بھی ہوتا ہے۔“