وہ سائیکل جو کار کی رفتار پر سفر کرسکتی ہے، اسے آپ کتنے میں حاصل کرسکتے ہیں؟ جانئے
گاڑی اور سائیکل کی ریس ہوتے ہوئے آپ نے کبھی نہیں دیکھی ہو گی مگر اب یہ ممکن ہو گیا ہے کیونکہ متحدہ عرب امارات میں ایک ایسی الیکٹرک سائیکل ایجاد کر دی گئی ہے جو گاڑی جتنا تیز دوڑ سکتی ہے۔یہ سائیکل ایک بیٹری کے ذریعے چلتی ہے اور اس کے ذریعے جہاں سڑک پر سفر کیا جا سکتا ہے وہیں ریتلے یا پہاڑی علاقوں میں ایڈونچر کے لیے بھی یہ استعمال کی جا سکتی ہے۔ نیوز ویب سائٹ ایمریٹس24/7ڈاٹ کام کی رپورٹ کے مطابق اس سائیکل کی قیمت 7ہزار ریال(تقریباً1لاکھ 96ہزار روپے) ہے ۔
سائیکل تیار کرنے والے ماہر علی المدنی نے ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ”ہمیں دبئی میں یہ سائیکل تیار کرنے کا خیال اس لیے آیا کہ ہم کسی اور ملک سے ایک الیکٹرک سائیکل دبئی لے کر آئے مگر وہ اس خطے کے لیے موزوں نہیں تھی اور ریت پر نہیں چل سکتی تھی۔ لہٰذا ہم نے دوبارہ اس ملک سے اس سائیکل کے پارٹس منگوائے اور اپنے خطے کی ضروریات کے مطابق یہ سائیکل تیار کر لی۔ ہماری تیارکردہ الیکٹرک سائیکل اب ریت اور پتھریلے راستوں پر بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتی ہے۔اس سائیکل کی رفتار 90کلومیٹر فی گھنٹہ ہے ۔ اس میں 250 سے 350واٹ کی بیٹری نصب کی جا سکتی ہے اور اسی تناسب سے ایک بار بیٹری ریچارج کرنے سے یہ 40سے 65کلومیٹر سفر کرتی ہے۔ “