موٹو زی اور موٹو زی فورس دنیا کے پہلے اسمارٹ فونز ہیں جن میں ہیڈ فون جیک کو نکال دیا گیا ہے۔
یہ کافی بڑی پیشرفت ہے کیونکہ ہیڈفون جیک کو ہیڈوفونز لگانے کے لیے دہئایوں سے استعمال کیا جارہا ہے اور ایپل اپنے نئے آئی فون سیون میں اس فیچر کو متعارف کرانے پر غور کررہی ہے۔
ایپل کا تو ابھی پتا نہیں مگر موٹرولا نے اس معاملے میں بازی مار لی ہے اور کمپنی کا کہنا ہے کہ ان فونز پر موسیقی سننے کے لیے ہیڈ فونز کو یو ایس بی سی پورٹ میں لگانا ہوگا جبکہ وائرلیس بلیوٹوتھ اسپیکرز کا بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔
یہ فونز جمعرات کو متعارف کرائے گئے تھے اور کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ تاریخ ساز اسمارٹ فونز ثابت ہوں گے۔
موٹو زی میں 5.5 انچ کواڈ ایچ ڈی ڈسپلے، کوالکوم سنیپ ڈراگون 820 پراسیسر، 4 جی بی ریم اور لائٹنگ فاسٹ چارجنگ کے ساتھ ساتھ 13 میگا پکسلز رئیر کیمرہ اور فائیو میگاپکسل فرنٹ کیمرہ موجود ہے۔
موٹو زی فورس ایسا فون ہے کہ اسے آپ کسی فرش پر گرا دیں یا کسی پر دے ماریں، اس کا کچھ بگڑنے والا نہیں اور اس کی اسکرین ٹوٹ نہیں سکتی۔
تاہم ان دونوں فونز کی اصل خوبی موٹو موڈز ہے جو فون کے بیک پر لگنے والی ایک ایسیسری ہے جس سے آپ اس ڈیوائس کو بدل سکتے ہیں جیسا آپ نیچے ویڈیو میں دیکھ سکتے ہیں۔