مائیکروسافٹ نے ایک ویب سائٹ متعارف کرائی تھی جس میں لوگوں کی تصاویر اپ لوڈ کرکے ان کی عمر کا تعین کرنے کی کوشش کی جاتی تھی۔
http://how-old.net/ نامی اس سائٹ میں کسی اپ لوڈ تصویر کا تجزیہ کرکے مذکورہ شخص کی عمراور جنس کا تعین کیا جاتا تھا اور اکثر وہ غلط ہی ثابت ہوتا تھا۔
اب مائیکروسافٹ نے یہی کام کسی تصویر پر چہرے کے تاثرات سے اس کے جذبات کا تعین کرنے کے حوالے سے ایک اور ویب سائٹ میں شروع کیا ہے۔
تاہم کمپنی نے خبردار بھی کیا ہے کہ ابھی یہ تجرباتی بنیادوں پر ہے اور اس میں ہمیشہ ہی درست نتائج سامنے نہیں آتے۔
جیسے کسی تصویر میں کوئی شخص اداس نظر آرہا ہوگا تو یہ نتیجہ بھی سامنے آسکتا ہے کہ وہ درحققیت اداس نہیں بلکہ کسی اور جذبے نے اس پر غلبہ پایا ہوا ہے۔
تاہم تفریح اور گیم سے ہٹ اس الگورتھم میں کچھ اہم کام بھی کیا جارہا ہے۔
مائیکروسافٹ کی جانب سے درحقیقت تصاویر کے بارے میں جاننے کے حوالے سے مشینوں کی صلاحیت کو بہتر بنانے کی کوشش کی جارہی ہے اور ڈویلپرز کو بھی اس طرح کے تجربات کرنے کی دعوت دی جائے گی۔
ان کی مدد سے مستقبل میں ایسی اپلیکشنز کو تیار کیا جائے گا جو کسی کی چلتی ہوئی ویڈیو کو دیکھ کر اسے شناخت کرسکے یا بتاسکے کہ کون ویڈیو میں بول رہا ہے وغیرہ وغیرہ۔
اگر آپ بھی جاننا چاہتے ہیں اپنے چہرے سے آپ کتنے اداس یا خوش نظر آتے ہیں تو مائیکروسافٹ کے پراجیکٹ آکسفورڈ کے پیج پر جاکر کوشش کرسکتے ہیں۔