گذشتہ ہفتے ممبئی میں ایک چور نے خاتون سے سونے کی چین چھینی اور اپنے جرم کو چھپانے کے لیے چین کو نگل لیا.
پولیس نے چور کو پکڑ تو لیا لیکن اُس نے چین چوری کرنے اور نگلنے کی تردید کردی، تاہم ہسپتال میں کیے گئے ایکسرے نے کچھ اور ہی کہانی سنائی اور رپورٹ سے واضح ہوگیا کہ چین اسی شخص نے نگلی تھی.
ڈاکٹروں کامشورہ تھا کہ آپریشن کے ذریعے چور کے پیٹ سے چین برآمد کی جائے لیکن ممبئی پولیس کے مطابق آپریشن بہت مہنگا ثابت ہوسکتا ہے، لہذا انھوں نے ایک انوکھا طریقہ ڈھونڈا اور چور کو کیلے کھلانے شروع کردیئے.
ممبئی پولیس کے سینیئر انسپکٹر شنکر دھنے واد کے مطابق چور کو پورے دن میں 40 سے زائد کیلے کھلائے گئے اور آخر کار چین برآمد کرلی گئی، جسے دھونے کے بعد جراثیم سے پاک کرلیا گیا.
دھنے واد کے مطابق مذکورہ 25 سالہ شخص کو جمعے کو عدالت میں پیش کیا گیا اور اب وہ پولیس کی تحویل میں ہے.
رپورٹس کے مطابق یہ کوئی پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ ممبئی پولیس نے کسی چوری کی گئی چیز کو برآمد کرنے کے لیے پھلوں کا سہارا لیا ہے.
گذشتہ برس جولائی میں ایک چور کو 2 درجن کیلے کھلانے اور کئی لیٹر دودھ پلانے کے بعد ایک چین برآمد کی گئی تھی.
اس سے قبل گذشتہ برس اپریل میں بھی ایک بڑے لاکٹ کے ساتھ چین کو نگلنے والے چور کو 5 درجن کیلے کھلا کر چین برآمد کی گئی تھی.