ایپل کی جانب سے آئی پیڈ پرو متعارف کرایا گیا ہے اور اس کا ڈسپلے سائز 12.9 انچ ہے جبکہ یہ دفتری کاموں، ویڈیو گیمز کے علاوہ فلمیں دیکھنے اور انھیں ایڈٹ کرنے کے لیے موزوں قرار دیا گیا ہے۔ کیلیفورنیا میں منعقدہ تقریب میں بتایا گیا کہ ٹی وی باکس کا اپنا الگ ایپ سٹور ہو گا جبکہ آئی فونز میں نئی ٹچ سکرین ٹیکنالوجی کے ساتھ زیادہ طاقتور کیمرا شامل ہے۔
گذشتہ سال بڑی سکرین والا آئی فون مارکیٹ میں آنے کے بعد گذشتہ تین سہ ماہی کے دوران آئی پیڈز کی فروخت میں 19فیصد کمی آئی تھی اور اب توقع کی جا رہی ہے کہ نئے ماڈل سے اس فروخت میں اضافہ ہو گا۔
ٹیکنالوجی کے ایک ماہر جیف بلیڈر کے مطابق آئی پیڈ کو مشکلات کا سامنا رہنا لیکن پھر دیگر ٹیبلٹ کے مقابلے میں زیادہ کامیاب رہا اور اب بھی اس کا اربوں ڈالر کا کاروبار ہے۔
انھوں نے کہا کہ بڑی سکرین کے آئی فونز نے آئی پیڈز کو ختم کرنا شروع کر دیا تھا اور اب پہلے سے زیادہ بڑی سکرین کی وجہ سے اس کو سانس لینے کا موقع ملے گا تاہم اس کی قیمت ایک رکاؤٹ بنے گی۔
آئی پیڈ پرو کے ساتھ مقناطیسی کی بورڈ کے علاوہ سٹائلوس بھی ہو گی جسے اپیل پینسل کا نام دیا گیا ہے۔
آئی پیڈ پرو نومبر سے مارکیٹ میں دستیاب ہو گا اور اس کی بیٹری 10 گھنٹے تک چل سکے گا جبکہ قیمت 799 سے شروع ہو کر 1079 ڈالر تک ہو گی۔ اس کے علاوہ پینسل کی قیمت 99 ڈالر جبکہ کی بورڈ کی قیمت 169 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔
ایپل کے نئے آئی فونز 6 ایس اور 6 پلس ایس میں تھری ڈی ٹچ ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے اور اس کی مدد سے سکرین کو استعمال کرنے کا زیادہ بہتر تجربہ ملے گا بلکہ ایک ایپ سے دوسرے ایپ میں جانا کہیں زیادہ آسان ہو جائے گا۔
ایپل نے اپنے آئی فونز میں سال 2011 کے بعد پہلی بار کیمرے کی ریزولوشن میں اضافہ کرتے ہوئے اسے 12 میگا پکسل کر دیا ہے جبکہ فرنٹ کیمرے کو 1.2 میگا پکسل سے بڑھا کر 5 میگا پکسل کر دیا ہے۔
ایپل کے مطابق تھری ڈی ٹیچ فیچر متعارف کرانے کا مقصد یہ تھا کہ صارف سکرین پر انگلی کے دباؤ سے مختلف ایپلی کیشنز کو کھول سکتا ہے یا فون شناخت کر سکے گا کہ صارف اس وقت کون سے ایپلی کیشن استعمال کرنا چاہتا ہے۔ جس میں سکرین انگلی کے مخصوص دباؤ سے ای میلز کا کھل جانا یا تصویر دیکھنا، یا ویڈیوز گیمز میں ہتھیاروں کا انتخاب یا جلدی سے سیلفی کے موڈ میں جانا شامل ہے۔
آئی فونز میں زیادہ بہتر کیمرے کی وجہ سے 4K کوالٹی کی ویڈیوز ریکارڈ کی جا سکیں گی اور یہ کوالٹی 1080p پکسل کوالٹی سے چار گنا بہر ہے۔
اس کے علاوہ پروسیسر کی طاقت کو بڑھایا گیا ہے۔
ٹیکنالوجی کے ایک ماہر کے مطابق آئی فونز میں متعارف کرائی جانے والی نئی خصوصیات ماضی کے مقابلے میں زیادہ نہیں ہیں لیکن اب بھی توقع ہے کہ سال کی بنیاد پر فروخت کے حوالے سے کافی ہیں۔
ایپل نے اپنی سمارٹ واچ کے آپریٹنگ سسٹم کو بھی بہتر کرنے کا اعلان کیا ہے اور نیا آپریٹنگ سسٹم 16 ستمبر کو جاری کیا جائے گا۔
ایپل کے کمپنی کے چیف ایگزیکیٹو افسر ٹم کک نے ٹی وی باکس کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ اس کا اپنا الگ ایپ سٹور اور آپریٹنگ سسٹم ہو گا۔ اس کو ریموٹ کنٹرول کے ذریعے چلا جا سکے گا جس میں ٹیچ ٹیکنالوجی کے ساتھ مائیکرو فون نصب ہوں گے اور آواز سے بھی احکامات دیے جا سکتے ہیں۔