ڈیٹنگ ایپ ٹنڈر نے اپنے اس فورم کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جہاں 13 سے 17 سال عمر کے نوجوان آپس میں رابطہ کر سکتے تھے۔
ٹنڈر کا کہنا ہے کہ یہ تبدیلی آئندہ ہفتے سے نافذ العمل ہو گی۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اسے یقین ہے کہ 18 سال سے کم نوجوانوں کے تحفظ کے لیے یہ ایک ’درست اقدام‘ ہے۔
صارفین اپنے فیس بک اکاؤنٹس کے ذریعے جس میں ان کی تاریخِ پیدائش کی تفصیلات بھی شامل ہوں ٹنڈر پر سائن اپ کرتے تھے۔
مقصد یہ تھا کہ ان کا رابطہ اپنی عمر کے افراد سے ہی ہو لیکن یہ خدشہ بھی تھا کہ زیادہ عمر کے صارف بھی غلط معلومات دے کر اس گروپ میں شامل ہو سکتے تھے۔
کمیونیکیشنز کے لیے ٹنڈر کے نائب صدر روزیٹی پامباکیان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایک ایسے پلیٹ فارم پر جو 11 ارب سے زائد افراد کو ایک دوسرے سے رابطے کی سہولت فراہم کرتا ہے، یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے صارفین کے مختلف تجربات کا مسلسل جائزہ لیتے رہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم اس سروس کو اپنے 18 سال سے کم عمر صارفین کے لیے ختم کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا ’ہمیں یقین ہے کہ آگے بڑھنے کے لیے یہ ایک بہترین پالیسی ہے۔‘
ایپل کے ایپ سٹور نے ڈیٹنگ ایپ ٹنڈر کو 17 سال سے زائد جب کہ اینڈرائیڈ نے 18 سال سے زائد عمر کے صارفین کے لیے مناسب قرار دیا ہے۔