نئی تاریخ رقم ہوگئی، بھارتی شخص کو آئی ایسی موت جو دنیا میں آج تک کسی انسان کو نہ آئی
خلاءسے شہاب ثاقب گرنے کے واقعات انسانی تاریخ میں بکثرت ہوتے آئے ہیں مگر آج تک اس سے کسی انسان کی ہلاکت نہیں ہوئی تھی مگر بھارت میں پہلی بار شہاب ثاقب کی زد میں آ کر ایک شخص جاں بحق ہو گیا ہے۔
یہ واقعہ بھارتی ریاست تامل ناڈو کے ضلع ویلور کے شہر پنتھاراپلی میں رونما ہوا جہاں ایک نجی انجینئرنگ کالج میں شہاب ثاقب گرا، جس کی زد میں آ کر ایک بس ڈرائیور جاں بحق جبکہ 3دیگر افراد شدید زخمی ہو گئے۔ تامل ناڈو کی وزیراعلیٰ جیا للیتا نے بھی اس واقعے کی تصدیق کر دی ہے مگر سائنسدان تاحال واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں اور پتا چلانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آیا یہ واقعی شہاب ثاقب تھا۔نجی انجینئرنگ کالج میں شہاب ثاقب گرنے سے زور دار دھماکہ ہوا اور قریب کھڑی گاڑیوں اور عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ انسانی تاریخ میں اس سے قبل کسی بھی انسان کے شہاب ثاقب کی زد میں آ کر مرنے کے شواہد موجود نہیں، تاہم لوگوں کے گھروں و دیگر عمارتوں میں شہاب ثاقب گرنے کے واقعات رونما ہو چکے ہیں۔ آخری بار 2013ءمیں روس کے شہر کیلیابنسک (Chelyabinsk) میں شہری آبادی میں شہاب ثاقب گرنے کا واقعہ ہوا تھا جس میں درجنوں عمارتیں تباہ اور 1ہزار سے زائد لوگ زخمی ہو گئے تھے مگر کوئی ہلاکت نہیں ہوئی تھی۔