امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ایک پراسرار روشنی کو اورینج کاؤنٹی اور اس سے ملحق علاقوں میں سنیچر کی شب بہت تیزی سے سفر کرتے ہوئے دیکھا گیا اور اس کے بارے میں انٹرنیٹ پر ہیجان انگیز اندازے لگائے جانے لگے۔
اورینج کاؤنٹی کے پولیس اہلکار نے کہا کہ یہ روشنی ایک بحریہ سے کیے جانے والے تجربے کا نتیجہ ہے جو کہ کیلیفورنیا کے ساحل سے کیا گیا ہے۔
شہری ہوابازی کے اہلکاروں نے اسے ممکنہ طور پر امریکی فوجی سرگرمی سے تعبیر کیا۔
آن لائن پر پوسٹ کی جانے والی ویڈیوز میں ایک چمکدار نیلی روشنی کو مخروطی شکل میں آسمان میں بلند ہوتے اور گزرتے ہوئے دکھایا گيا ہے۔ کئی ویڈیوز میں دیر تک اس روشنی کا تعاقب کیا گيا۔
جمعے کو وفاقی ہوابازی کی انتظامیہ (ایف اے اے) نے کہا تھا کہ لاس اینجلس انٹرنیشنل کی پروازیں رات میں بحرالکاہل کے راستے سے گریز کریں۔
خیال رہے کہ یہ امریکہ کا دوسرا سب سے مشغول ہوائی راستہ ہے۔
بہر حال ایف اے اے نے اس تبدیلی کی وجہ نہیں بتائی لیکن کہا کہ جمعے سے جمعرات کے درمیان اس علاقے میں کوئی فوجی سرگرمی ہو سکتی ہے۔
کیلیفورنیا میں میڈیا نے بتایا کہ یہ روشنی بغیر اسلحے والی ایک ٹرائڈنٹ میزائل کی تھی جسے یو ایس ایس کینٹکی بحریہ کے آبدوز سے داغا گیا تھا۔
سب سے پہلے اس پر صدمے کا اظہار کرنے والوں میں گلوکار جوش گروبان شامل ہیں۔ انھوں لکھا: ’کیلیفورنیا ساحل، کیا ابھی کسی نے وہ دیکھا۔‘
سان ڈیاگو یونین ٹریبیون کا کہنا ہے کہ پولیس کے فون بج اٹھے اور انھیں کال کرنے والوں نے ’شعلے اور شہابیے سے لے کر اسے جوہری بم تک سے تعبیر کیا۔‘
ایک اخبار نے لکھا کہ روشنی نوایڈا اور ایریزونا ریاستوں تک نظر آئی۔