اوٹاوا (نیوز ڈیسک) موبائل فون کو واٹر پروف بنانے کے لئے بڑی بڑی کمپنیاں لاکھوں ڈالر خرچ کرکے تحقیقات کررہی ہیں لیکن کینیڈا کے ایک شہری نے محض چند سکوں میں کسی بھی جدید موبائل فون کو ’واٹر پروف‘ بنانے کا طریقہ متعارف کروا دیا ہے۔
مونٹریال شہر سے تعلق رکھنے والے اس شخص نے ایک ویڈیو کی صورت میں یہ سادہ اور سستا طریقہ انٹرنیٹ پر متعارف کروایا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ یہ صاحب اپنے موبائل فون کو باریک پلاسٹک کی تھیلی میں ڈالتے ہیں، تھیلی کو منہ سے لگا کر ہوا باہر کھینچتے ہیں، جس کی وجہ سے پلاسٹک کی باریک پرت فون پر چسپاں ہو جاتی ہے، اور پھر فون کو پانی میں ڈال دیتے ہیں۔ اس کے بعد یہ موبائل فون کو استعمال کرکے بھی دکھاتے ہیں اور ثابت کرتے ہیں کہ نہ صرف اسے آن، آف کیا جاسکتا ہے بلکہ اس کی سکرین پر ٹچ کا فنکشن بھی کام کرتا ہے اور اس کے ذریعے تصاویر بھی بنائی جاسکتی ہیں، اور آڈیو بھی صاف سنائی دیتی ہے۔ ان صاحب کا کہنا ہے کہ یہ طریقہ خصوصاً اس وقت کارآمد ہے جب آپ بارش میں باہر جانا چاہ رہے ہوں یا کسی بھی ایسی صورتحال کا سامنا کررہے ہوں کہ جس میں آپ کے فون میں پانی داخل ہونے کا خدشہ موجود ہو۔
اور اگر آپ فون میں یہ فنکشن بھی چاہتے ہیں کہ یہ پانی میں ڈوبے نہ، بلکہ تیرتا رہے، تو تھیلی کو بند کرنے سے پہلے اس میں تھوڑی سی ہوا پھونک دیں۔ اب اگر فون پانی میں گرے گا تو نہ اس میں پانی داخل ہو گا اور نہ یہ ڈوبے گا۔