’جنت‘ میں لی گئی سیلفیاں برائے فروخت
مذہب کے نام پر سادہ لوح لوگوں کے ساتھ شعبدہ بازی کرنے والوں کی اس دنیا میں کمی نہیں، لیکن جنوبی افریقہ کا ایک پادری اس جعلسازی میں سب پر بازی لے گیا ہے۔
نیوز سائٹ WWWN کے مطابق پاسٹر پاسیکا موٹسو نینگ کا کہنا ہے کہ وہ ’جنت‘ کی سیر کرکے آیا ہے اور اس نے وہاں کئی مقامات پر اپنی سیلفیاں بھی بنائی ہیں۔ اب وہ ناصرف اپنے پیروکاروں کو اپنے ’آسمانی سفر‘ کی کہانیاں سنارہا ہے بلکہ اس سفر کے دوران بنائی گئی سیلفیاں بیچ کر بھی ڈھیروں مال اکٹھا کررہا ہے۔ ہر سیلفی کی قیمت 5ہزار رینڈ (تقریباً 33 ہزار 3سو پاکستانی روپے) رکھی گئی ہے۔ دھوکہ باز پادری کی جعلی سیلفیاں واقعی فروخت ہورہی ہیں اور وہ مزید مال اکٹھا کرنے کے لئے انٹرنیٹ پر بھی ان کی فروخت کی کوشش کررہا ہے۔
دوسری جانب کچھ انٹرنیٹ صارفین نے جھوٹے پادری کے پیروکاروں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اس کے دھوکے میں آکر اپنی دولت ضائع مت کریں۔ کچھ انٹرنیٹ صارفین نے شعبدہ باز پادری کا پردہ فاش کرتے ہوئے اسے مذاق کا نشانہ بھی بنایا ہے۔ ایک انٹرنیٹ صارف نے فوٹوشاپ کے ذریعے پادری کو بادلوں میں سے سر نکالے ہوئے دکھایا ہے اور ساتھ لکھا ”پادری پاسیکا آسمانوں کی سیر کرتے ہوئے۔“ ایک اور صاحب نے لکھا ”اگر امریکا چاند پر جاسکتا ہے تو پادری پاسیکا آسمانوں کا چکر کیوں نہیں لگاسکتا۔ ہمیں اس کی فنکاری کی داد دینی چاہیے۔“