دنیا بھر کے 55 فیصد کمپیوٹرز پر اس وقت ونڈوز سیون آپریٹنگ سسٹم موجود ہے مگر مائیکروسافٹ نے اب اسے اپنے خطرے پر استعمال کرنے کا انتباہ جاری کیا ہے۔
اکتوبر 2009ء میں سامنے آنے والے اس آپریٹنگ سسٹم کے بارے میں یہ بیان مائیکروسافٹ کے چیف مارکیٹنگ آفیسر کرس کاپوسیلا نے جاری کیا۔
انہوں نے ایک آن لائن شو کے دوران سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم اب ونڈوز میں آگے بڑھ چکے ہیں اور درست توازن برقرار رکھنے کی کوشش کررہے ہیں۔
ان کے بقول جو کمپیوٹر ونڈوز 10 چلانے کے قابل ہیں ہم انہیں اس نئے آپریٹنگ سسٹم میں لانے کی کوشش کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ فکر ہے کہ پرانے آپریٹنگ سسٹم چلانے والے صارفین کمپیوٹر پر نئی ڈیوائسز، گیمز وغیرہ نہیں چلاسکتے جبکہ ان میں وائرسز اور سیکیورٹی مسائل کا علم بھی نہیں ہوتا۔
مائیکروسافٹ عہدیدار نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ ہم لوگوں کو ونڈوز 10 پر لانے کی بھرپور کوشش کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں مائیکروسافٹ نے اعلان کیا تھا کہ وہ ونڈوز سیون کی سپورٹ کو 2020ء تک جاری رکھے گی جس کا مطلب یہ ہے کہ سیکیورٹی حوالے سے یہ اپ ٹو ڈیٹ رہے گا۔
تاہم اس نئے بیان نے اس اعلان پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔
خیال رہے کہ مائیکروسافٹ اگلے دو سے تین برسوں میں ایک ارب ڈیوائسز کو ونڈوز 10 پر لانا چاہتی ہے۔