انڈیا کے وزیر ریلوے سریش پربھو نے نظام الدین ریلوے سٹیشن سے جھنڈی لہرا کر گاتیمان ایکسریس کا افتتاح کیا۔گاتیمان ایکسپریس دہلی سے آگرہ تک چلے گی۔ انڈیا کے وزیر ریلوے نے منگل کے روز دہلی کے نظام الدین ریلوے سٹیشن سے انڈیا کی سب سے تیر رفتار ٹرین کا افتتاح کیا ہے۔
انڈیا ریلوے کے اہلکار نے کہا کہ گاتیمان نے 200 کلومیٹر کا فاصلہ 100 منٹوں میں طے کیا ہے۔
گاتیمان ایکسپریس کے افتتاح سے پہلے راجدھانی ایکسپریس انڈیا کی سب سے تیز رفتار ٹرین تھی جو 130کلومیٹر کی رفتار سے چل سکتی ہے۔
وزارت ریلوے کے مطابق گاتیمان ایکسپریس جمعے کے علاوہ ہفتے کے چھ دن چلے گی۔
گاتیمان ایکسپریس کے مسافروں کو مختلف قسم کے کھانے، مفت وائی فائی اور تفریح کی سہولتیں دستیاب ہوں گی۔
انڈیا کا ریلوے نظام دنیا کا تیسرا بڑا ریلوے نظام ہے لیکن اسے جدید بنانے کی اشد ضرورت ہے۔
نریندر مودی کی حکومت نے ریلوے کے نظام کو جدید بنانے کا عہد کیا ہے۔ حکومت نے 400 کلومیٹر کی رفتار والی ٹرین چلانے کا عہد کر رکھا ہے۔
انڈیا کی ٹرینوں کی اوسط رفتار رفتار 60 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔