شادی کی تقریب شروع ہوئی تو دلہن نے دولہا میں ایسی چیز دیکھ لی کہ عین موقع پر انکار کر دیا، بارات خالی ہاتھ واپس
پسماندہ ممالک میں خواتین کو ان کے بنیادی انسانی حقوق سے محروم کرتے ہوئے شادی کے نام پر بھیڑ بکریوں کی طرح کسی بھی کھونٹے سے باندھ دیا جاتا ہے، لیکن بھارت میں ایک باہمت لڑکی نے شادی کی تقریب کے عین درمیان اس ظلم کے خلاف بغاوت کردی۔
اخبار ”ٹائمز آف انڈیا“ کے مطابق کانپورشہر کے علاقے کلیان پوری میں ایک شادی کی تقریب جاری تھی۔ دلہن یونیورسٹی کی تعلیم یافتہ تھی جبکہ اس کے برعکس دولہا ناصرف ان پڑھ تھا بلکہ اس کا ذہنی توازن بھی درست نہیں تھا، مگر یہ افسوسناک بات دلہن سے پوشیدہ رکھی گئی تھی۔ دلہن کی سہیلیوں نے جب دولہے کو عجیب و غریب حرکات کرتے ہوئے دیکھا تو اسے کو خبردار کردیا۔ دلہن نے جب دولہے کا بغور مشاہدہ کیا تو یہ جان کر سخت صدمے کا شکار ہوئی کہ اس کے اپنے ہی والدین اسے ایک ذہنی مریض کے ساتھ بیاہ رہے تھے۔ دلہن نے فوری طور پر شادی سے انکار کردیا، اور اپنے والدین کے اصرار اور دولہا والوں کی دھمکیوں کے باوجود ہتھیار ڈالنے سے انکار کردیا۔
دلہن کے انکار کے بعد دولہا والے دنگا فساد پر اتر آئے، جس پر پولیس کو بلوالیا گیا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ دونوں اطراف کو سمجھا بجھا کر معاملہ ختم کروادیا گیا۔ پولیس کی مداخلت کے بعد شادی پرامن طور پر منسوخ ہوگئی، جس کے بعد دھوکہ باز بارات خالی ہاتھ واپس لوٹ گئی۔