میرا مردہ جسم زمین کو ہلا دے گا
امیر تیمور ایک عظیم مسلمان فاتح اور حکمران گزرا ہے ۔ مختلف روایات کے مطابق امیر تیمور 1320ء سے 1330ء کے درمیان پیدا ہوا اور اس کا انتقال 18فروری 1405ء میں ہوا ۔ امیر تیمور نے اپنی زندگی میں کئی ملک فتح کیے اور ایک بڑی سلطنت قائم کی ۔ کہا جاتاہے کہ امیر تیمور کے مزار پر تحریر تھا کہ ’’جب میرے مردہ جسم کو اٹھایا جائے گا تو زمین کانپ اٹھے گی ‘‘۔ اس تحریر کو نظر انداز کرتے ہوئے 1941ء میں روس کے دو ماہرین علم بشریات میخائیل ایم گیراسیموف اور وی لازیزنکووا نے امیر تیمور کی قبر کشائی کرڈالی ۔ مؤرخین کے مطابق اندر ایک اور تحریر ملی جو کچھ یوں تھی ’’جو شخص میری قبر کھولے گا وہ مجھ سے بھی خوفناک حملہ آور کو کھول دے گا ‘‘۔ جس روز دونوں ماہرین نے امیر تیمور کی قبر کشائی کی اسی روز جرمنی کے ایڈولف ہٹلر نے آپریشن باربروسا شروع کرتے ہوئے روس پر تاریخ کا سب سے بڑا فوجی حملہ کردیا ۔ ماہرین نے نومبر 1942ء میں امیر تیمور کی باقیات کو دوبارہ اسلامی طریقے سے دفنادیا اور اس کے کچھ ہی روز بعد روس کو ہٹلر کے مقابلے میں فتح حاصل ہوگئی ۔ یہ عام خیال کیا جاتاہے کہ امیر تیمور ایک 5فٹ 8انچ دراز قد،چوڑی چھاتی اور مضبوط جسم کا مالک انسان تھا مگر دونوں ماہرین نے اس کی باقیات کے تجزیئے سے ثابت کیا کہ وہ لنگڑا تھا ۔اس کا دایاں بازو بھی زخموں کی وجہ سے شل اور کمزور ہوچکا تھا اور دائیں ران کی ہڈی براہ راست گھٹنے کی ہڈی سے جڑی ہوئی تھی جس کی وجہ سے وہ اپنی ٹانگ کو سیدھا نہیں کرسکتا تھا ۔ ماہرین نے امیر تیمور کی کھوپڑی اور چہرے کی ہڈیوں سے اس کے چہرے مہرے اور شکل و شباہت کا بھی اندازہ لگایا ۔ ماہرین نے دریافت کیا کہ امیر تیمور کی وضع قطع منگول اور کاکیشیا کے لوگوں کی شکل و شباہت کا آمیزہ تھی اور وہ جنوبی سائبیریاکے منگولوں کی طرح نظر آتا تھا ۔