ایک نوعمر لڑ کے نے اس وقت اپنے سر میں گولی مار لی جب وہ پستول کے ساتھ سیلفی لینے کی کوشش کر رہا تھا۔
مذکورہ بچہ شدید طور پر زخمی ہے جس کا مقامی ہسپتال میں علاج ہو رہا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بچے کی عمر 15 سال ہے اور اسے ضلع پٹھان کوٹ کے ایک ہسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ جمعے کی شام کو پیش آیا۔ لڑکا اپنے گھر میں اپنی بہن کے ساتھ تھا جس نے اپنے والد کی پستول نکال لی تھی۔
یہ حادثہ اس وقت پیش آيا جب لڑکا پستول کے ساتھ سیلفی لے رہا تھا۔ اتفاق سے پستول بھری ہوئی تھی اور گولی چل گئي۔
پولیس کے مطابق بچے کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل رواں برس فروری میں ایک بچے نے ٹرین کے سامنے سیلفی لینی کی کوشش کی تھی جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہو گئی تھی۔
ایک رپورٹ کے مطابق گذشتہ برس دنیا بھر میں سیلفی لینے کی کوشش میں حادثات کا شکار ہو کر ہلاک ہونے والوں کی تعداد 25 ہے اور ان میں سے زیادہ تر کا تعلق بھارت سے ہے۔