جریدے ‘’ ٹیک ریپبلک ‘’ نے اس جہاز کا ملبہ دریافت کرنے والی ٹیم سے بات کی جن کا کہنا تھا کہ تقریباً 2 ہزار سال قبل غرق ہونے والے جہاز کے ملبے سے ایک ایسی مشین بھی ملی ہے جسے ایک جدید کمپیوٹر جیسا ڈیوائس قرار دیا جاسکتا ہے۔ یہ قدیم کمپیوٹر یونان کے جزیرہ کریٹ کے قریب سمندر کی گہرائیوں میں ملا اور سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ یہ حیرت ناک بات ہے کہ اس کی جدید کمپیوٹر کی طرح پروگرامنگ کی جاسکتی تھی۔
اگرچہ اس میں موجودہ دور کے کمپیوٹر کی طرح سیمی کنڈکٹر چپ اور دیگر الیکٹرانک آلات تو نہیں ہیں البتہ اس میں بہت سے چھوٹے چھوٹے مکینیکل آلات، چرخیاں اور گیئر وغیرہ ہیں جن کی مدد سے اس کی پروگرامنگ کی جاتی تھی۔ یہ کمپیوٹر سال کے مختلف مہینوں اور ان مہینوں کے دوران چاند کے مختلف ادوار کی معلومات فراہم کرتا تھا، اور جہاز راں اسے کھلے سمندر میں رہنمائی کے لئے استعمال کرتے تھے۔
سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ جس بحری جہاز کے ملبے سے یہ کمپیوٹر ملا ہے وہ پہلی صدی عیسوی کے آغاز میں یونان کے قریب سمندر میں غرق ہوا۔ قدیم کمپیوٹر کو Antikythera کا نام دیا گیاہے اور اس کی ٹیکنالوجی پر مزید تحقیقات جاری ہیں۔